What Am I * * * * * * * میں کیا ہوں

میرا بنیادی مقصد انسانی فرائض کے بارے میں اپنےعلم اور تجربہ کو نئی نسل تک پہنچانا ہے * * * * * * * * * * * * * * رَبِّ اشْرَحْ لِي صَدْرِي وَيَسِّرْ لِي أَمْرِي وَاحْلُلْ عُقْدَةِ مِّن لِّسَانِي يَفْقَھوا قَوْلِي

Archive for جولائی 16th, 2007

جو مّلّا نہیں وہ کیا کہتے ہیں ؟

Posted by افتخار اجمل بھوپال پر جولائی 16, 2007

جنگ آن لائین کے مطابق عبدالستار ایدھی صاحب اور بلقیس ایدھی صاحبہ نے کہا کہ لال مسجد کے سانحے میں بے دریغ طاقت کا بے جا استعمال کیا گیا ہے، اگر یہ معاملہ پہلے ہی ہمارے سپرد کردیا جاتا تو ہم بغیر خون کا ایک قطرہ بہائے یہ معاملہ حل کرسکتے تھے، لگتا تھا کہ کوئی نادیدہ قوت تصفیے کی تمام کوششیں ناکام بنا رہی تھی۔ مذاکرات سے قبل بہت بڑے آپریشن کی تیاریاں کرلی گئی تھیں اور فوج نے بڑے پیمانے پر مورچے بنا رکھے تھے۔ بلقیس ایدھی نے کہا کہ تمام تیاریاں میری سمجھ سے بالاتر تھیں۔ لال مسجد کے اندر موجود عبدالرشید غازی سمیت کسی سے براہ راست بات نہیں ہوئی ۔ ہمیں اعجاز الحق سمیت وزراء بتا رہے تھے کہ یہ پیغام آیا ہے اور یہ دھمکی دی گئی ہے ، جب بھی کسی کے موبائل فون کی گھنٹی بجتی تھی وہ برق رفتاری سے فون سننے دور فاصلے پر چلا جاتا تھا۔ سانحہ لال مسجد اسلامی تاریخ کا بدترین سیاہ باب ہے جس میں ایک طرف تو لچک کا مظاہرہ کیا گیا دوسری طرف طاقت کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔ ایدھی صاحب تو بعد میں پہنچے مگر میں نے فوج اور لال مسجد کے اندر موجود افراد سے چیخ چیخ کر اپیل کی کہ نرمی اختیار کی جائے مگر میری کسی نے بھی نہیں سنی ۔ ایک سوال کے جواب میں بلقیس ایدھی نے کہا کہ مجھے مولانا عبدالرشید دہشت گرد نہیں لگتے۔ دہشت گردوں کی تو صورت ہی علیحدہ ہوتی ہے

عبدالستار ایدھی نے کہا کہ مجھے لگتا تھا کہ مولانا عبدالرشید غازی شاید بے بس ہوں اور یرغمال ہوں مگر یہ محض ہمارا خیال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی چیزیں پراسرار تھیں، مذاکرات ہورہے تھے اور اخبار نویسوں پر وہاں جانے پر مکمل پابندی تھی۔ ایسا لگ رہا تھا کہ مذاکرات سے قبل ہی یہ فیصلہ کرلیا گیا تھا کہ آپریشن کرنا ہے اور یہ سب کچھ ختم کردینا ہے اور پھروہی ہوا آپریشن ہوا سب کچھ ختم ہوگیا۔ میں نے میگا فون پر اعلان کیا تھا کہ عبدالرشید غازی اگر سرینڈر کردیں تو ایدھی فاؤنڈیشن کروڑوں روپے خرچ کرکے لال مسجد کا انتظام سنبھالے گی، مگر باہر بھی خوف کی فضا تھی اور ہر طرف مورچے تھے جس کی کوئی ضرورت ہی نہیں تھی۔

Posted in خبر | Leave a Comment »

مذاکرات میں حکومت کو بے نقاب کرتے ہیں حامد میر

Posted by افتخار اجمل بھوپال پر جولائی 16, 2007

مئی 2007ء کے آخری ہفتے میں جنرل پرویز مشرف پر بھی یہ الزامات لگنے لگے کہ وہ جان بوجھ کر لال مسجد کے ذریعہ گڑ بڑ پھیلا رہے ہیں۔ وجہ یہ تھی کہ چوہدری شجاعت حسین کے لال مسجد والوں کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہوگئے لیکن انہیں کہاگیا کہ آپ مذاکرات کو لمبا کریں۔ چوہدری صاحب سے رہا نہ گیا اور انہوں نے مذاکرات کی ناکامی کی ذمہ داری حکومت پر عائد کردی۔ آخری ملاقات میں عبدالرشید غازی نے چوہدری صاحب سے کہا کہ آپ مخلص انسان ہیں لیکن ہم جانتے ہیں کہ حکومت اس مسئلے کو کچھ مزید لمبا کرے گی اور مناسب وقت پر ہمیں ختم کرکے امریکا کے سامنے سرخرو ہوجائے گی۔ ایک دن عبدالرشید غازی نے یہ بھی کہا کہ اگرہم واقعی قصور وار ہیں تو کیا حکومت ہماری بجلی پانی بند نہیں کرسکتی؟ ہم پھر بھی باز نہ آئیں تو اعصاب شکن گیس پھینک کر ہم سب کو گرفتار نہیں کرسکتی؟

سات جولائی کو چوہدری شجاعت حسین نے مجھے بلایا اور کہا کہ وہ آخری مرتبہ عبدالرشید غازی کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتے ہیں لیکن جو فون نمبر ان کے پاس تھے وہ سب بند ہوچکے ہیں۔ چوہدری صاحب دوبارہ رابطہ چاہتے تھے میں نے کوشش کرکے غازی سے رابطہ کیا اور انہیں چوہدری صاحب کی خواہش سے آگاہ کیا۔ غازی ہنسے اور بولے کہ چوہدری صاحب معصوم ہیں وہ نہیں جانتے کہ ہمیں مارنے کا فیصلہ ہوچکا ہے میرے اصرار پر انہوں نے چوہدری صاحب سے دوبارہ رابطہ کیا اور یوں پھر سے مذاکرات شروع ہوگئے۔ ان مذاکرات میں غازی نے بار بارکہا کہ میرے بڑے بھائی عبدالعزیز کو دھوکے سے باہر بلا کر گرفتار کرلیا گیا اور مجھے باہر بلا کر مار دیا جائے گا لہٰذا بہتر ہے کہ میں ذلت کی موت کی بجائے لڑتے ہوئے مارا جاؤں۔

آخرکار وہی ہوا اور غازی نے ہتھیار ڈالنے کی بجائے لڑتے ہوئے جان دینے کو ترجیح دی۔ آخری رابطوں کے دوران میں نے غازی سے کہا کہ دونوں طرف مسلمان ہیں کوئی راستہ نکالیں کہ مسلمان ایک دوسرے کا خون نہ بہائیں۔ غازی نے کہا کہ میں نے بہت کوشش کی لیکن حکومت ہمیں رسوا کرنا چاہتی ہے، یہ سارا معاملہ حکومت کا کھڑا کیا ہوا ہے، حکومت نے اس معاملے میں بہت سے سیاسی مقاصد حاصل کئے اور آخر میں ہمیں رسوا کرکے مزید کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے۔ غازی کو یقین تھا کہ ان کی موت ہی ان کی فتح اور حکومت کی ناکامی ہوگی۔ وہ کہتے تھے کہ ہماری موت ہماری بے گناہی ثابت کریگی اور ہمارا بدلہ اس ملک کے غیرت مند مسلمان لیں گے۔

پورا مضمون یہاں کلک کر کے پڑھئے

Posted in گذارش, خبر | 14 Comments »